کوئٹہ۔5نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے کیونکہ شاہراوں وسڑکوں کی تعمیر سے بلوچستان کے لوگوں کو نقل و حرکت میں آسانی کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کو منڈیوں تک بروقت پہنچانے آسانی ہوگی ترقیاتی پیکیج کا خاص مقصدصوبے میں روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنا اور لوگوں کی زندگی معیاری بنانا ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں وفاقی وزیردفاعی پیداوار زبیدہ جلال،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، بلوچستان عوامی پارٹی کےمرکزی قائم مقام صدر رکن بلوچستان اسمبلی میر ظہور احمد بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبدالباسط ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور ارشد مجید سمیت تمام متعلقہ سیکرٹریز و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پربلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے شرکاء کو منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی،
اجلاس میں مواصلات، ایریگیشن، صحت، تعلیم، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور دیگر شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی جبکہ توپک، سولر کور، شادی کور، گربا، شینزک، سوکھار ڈیم سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے جنوبی بلوچستان کے لئے ایل پی جی کی فراہمی، پاک۔چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر، سیف سٹی پروجیکٹ گوادر اور تربت کے منصوبوں پر کام کی رفتار سے شرکاء کو آگاہی دی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نےکہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوجائے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیراسد عمر کو متعلقہ حکام نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں میں ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر، صاف پانی کی فراہمی اور بہتر استعمال، زراعت اور لائیو سٹاک، آئی ٹی، توانائی، صنعت و تجارت، افرادی قوت، تعلیم اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔