کورونا کی تباہ کاریوں کے باوجود وزیراعظم کی زیرقیادت ملک بہتری کی جانب گامزن ہے،وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب

39

فیصل آباد۔7نومبر (اے پی پی):وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 22 کروڑ کا ملک چلانے کیلئے ریونیو کی ضرورت ہوتی ہے، کورونا کی تباہ کاریوں کے باوجود وزیراعظم کی زیرقیادت ملک بہتری کی جانب گامزن ہے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا-

انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر مہنگائی کے 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹے ہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے باعث ہے- فرخ حبیب نے کہا کہ موجودہ حکومت انصاف راشن کارڑ لے کرآئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے عوام کیلئے 120 ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا جس سے غریب طبقے کو ریلیف ملے گا-

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو صحت سہولت کارڈ فراہم کئے جارہے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضے فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ بے روزگار نوجوانوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے- فرخ حبیب نے کہا کہ غریب عوام کو گھروں کیلئے قرض دینے کیلئے بنکوں کو پابندکیا گیا ہے، کورونا کی تباہ کاریوں کے باوجود وزیراعظم کی زیرقیادت ملک بہتری کی جانب گامزن ہے، موجودہ حکومت عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کیلئے متعدد ڈیم بنارہی ہے-

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کے مہنگے توانائی معاہدوں کی وجہ سے ملک میں بجلی مہنگی ہوئی، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے ہیں،بہتر حکمت عملی سے نکلا جاتا ہے- انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کی فلاح و بہبود کیلئے دن رات محنت کررہے ہیں، حکومت کی بہتر زرعی پالیسی کی وجہ سے زرعی اجناس کی پیدوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے-