چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اہم اجلاس

82

اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں ممبران الیکشن کمیشن نثار احمد درانی ، شاہ محمود جتوئی ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔الیکشن کمیشن نے این اے 75 سیالکوٹ (ڈسکہ )کے حوالے سے دو انکوائری کمیٹیاں تشکیل دی تھیں ۔

پہلی کمیٹی تمام انتظامی افسران کے خلاف انکوائری کے لئے تشکیل دی گئی جوکہ سعید گل جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ،ماجد شریف ڈوگر ریجنل الیکشن کمشنر گوجرانوالہ اور مجاہد شیردل سپیشل سیکرٹری محکمہ فنانس گورنمنٹ پنجاب پر مشتمل تھی ۔ اس کمیٹی کا اختیار پولنگ کے دن ڈیوٹی میں غفلت جس کی وجہ سے بدامنی اورامن وامان کی خلاف ورزی ہوئی ، سامان کی حفاظتی حصار میں ریٹرننگ آفیسر کے دفترسے ترسیل اور واپسی کے ذمہ دار افسران اور اس کے علاوہ ایسے افسران کا تعین کرنا تھا جنہوں نے قانو ن کی خلاف ورزی کی تاکہ ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

دوسری کمیٹی ایسے پریذائیڈنگ افسران و ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی سٹاف جو انتخابات کی رات کو غائب ہوئے اور اگلے روز تاخیر سے مورخہ 20فروری 2021کی صبح کو ریٹرننگ افسر کے دفتر میں آئے کے حقائق جاننے کے لئے قائم کی گئی تھی یہ کمیٹی انکوائری افسر سعید گل جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پر مشتمل تھی ۔

انکوائری آفیسر کا مینڈیٹ یہ تھا کہ وہ کسی ماہر ادارے کی معاونت حاصل کر ے اور فرانزک کا حصول ممکن بنائے تاکہ پتہ لگایا جاسکے کہ پریذئیڈنگ افسران نے کہا ں پر قیام کیا جس کی وجہ سے نتائج میں تاخیر ہوئی اور وہ ریٹرننگ افسر کے سامنے 20 فروری 2021کو پولنگ سامان لے کر تاخیر سے کیوں پیش ہوئے۔

دونوں انکوائری رپورٹس الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں ۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسراور ریٹرننگ آفیسرکی انتظامی کوتاہی کو سامنے رکھتے ہوئے دونوں آفیسروں کو الیکشن کمیشن رپورٹ کروا کر اوایس ڈی بنا دیا گیا ہے تاکہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں انکے خلاف مزید کارروائی عمل میں لائی جائے سکے ۔

مزید فیصلہ کیا گیا کہ دونوں انکوائر یوں میں ذمہ دار قرار دیئے جانے والے افسران و ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس میں سپیشل سیکرٹری ، ڈی جی لا، ڈائریکٹر ایچ آر اور ڈی ڈی لاء شامل ہونگے جو کہ الیکشن کمیشن کی معاونت کریں گے ۔ یہ کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کام کرے گی۔

الیکشن کمیشن انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف محکمانہ انضباطی کارروائی یا فوجداری کارروائی یا دونوں کارروائیوں کا آغاز کرے گا۔ اس سلسلےمیں کمیشن کا آئندہ باضابطہ اجلاس 7دن کے بعد ہوگا۔