یو این ڈی پی کا خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ برائے پروبیشن و بحالی کی کارکردگی میں اضافہ کے لیے مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد

70

ایبٹ آباد۔10نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام(یو این ڈی پی )کے تحت یورپی یونین کے تعاون سے فوجداری شعبہ انصاف کے ماہرین کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لیے ایبٹ آباد میں دو روزہ مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

اس ورکشاپ کے ذریعے خیبرپختونخوا کے بحالی وپروبیشن کے ڈائریکٹوریٹ (آر پی ڈی)، محکمہ داخلہ، پولیس، پراسیکیوشن، جیل خانہ جات اور عدلیہ کے پریکٹیشنرز کے مابین ہم آہنگی کے فروغ اور کارکردگی میں اضافہ کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے، اپنے اپنے خیالات کو پیش کرنے اور معلومات کاتبادلہ کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیاگیا۔ مشاورتی ورکشاپ کے دوسرے دن صوبائی سطح پر رابطوں کو مستحکم اورتعاون بڑھانے کے لیے سفارشات پیش کی گئیں۔

بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق مشاورتی ورکشاپ کے شرکا نے کے پی کے ڈائریکٹوریٹ برائے پروبیشن و بحالی کے درمیان رابطہ کاری کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور کے پی پروبیشن سروسز کے معاملات کو بہتر بنانے میں پروبیشن افسران کے کردار پر روشنی ڈالی۔ یہ سفارشات ڈائریکٹوریٹ برائے پروبیشن و بحالی کے ذریعے محکمہ داخلہ کو پیش کی جائیں گی۔

صوبائی سیکرٹری داخلہ اکبر علی خان نے بطور مہمان خصوصی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹوریٹ برائے پروبیشن وبحالی اورفوجداری نظام انصاف کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی کمی کا ذکرکیا اور اسے قابل تشویش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پروبیشنری سروس صوبائی فوجداری نظام انصاف کے تمام پہلوؤں کااحاطہ کرتی ہے اور اس طرح موثر طریقے سے کام کرنے کے قابل ہونے کے لیے بہت سے اسٹیک ہولڈرز کی سروسز پر انحصار کرتی ہے۔

انہوں نے یورپی یونین اور یو این ڈی پی کی جانب سے بحالی و پروبیشن کے ڈائریکٹوریٹ کو مضبوط بنانے کے لیے معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ورکشاپ میں خیبر پختونخوا کے شعبہ بحالی و پروبیش، صوبائی وزارت داخلہ و شعبہ قبائلی امور، لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، عدلیہ، پراسیکیوشن، پولیس، جیل خانہ جات، یو این ڈی پی، یو این ویمن اور یو این او ڈی سی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

مشاورتی ورکشاپ یورپی یونین کے تحت ”قانون کی حکمرانی کو فروغ اور خیبرپختونخوا کے ضم ہونے والے اضلاع اور بلوچستان میں فوجداری نظام کو بہتر بنانے“کے حوالے سے قائم کردہ فنڈ کے تحت منعقد کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام برائے پاکستان (یو این ڈی پی)، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) کی مشترکہ معاونت سے منعقدہ اس پروگرام کا مقصد لوگوں کے مابین انصاف باالخصوص خواتین اور پسماندہ طبقات تک انصاف کی بلاتفریق رسائی کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق سیکورٹی کے شعبہ کی سروسز فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی عمل کی حمایت کرنا ہے۔