راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمرڈ کور رجمنٹل سینٹر نوشہرہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا ء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج کو باضابطہ طور پر آرمرڈ کور کے کرنل کمانڈنٹ کے بیج لگائے۔
انہوں نے مختلف آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار اور قابل ستائش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر آرمرڈ کور کی میدان جنگ میں فیصلہ کن دستہ کی حیثیت سے تعریف کی۔ آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ ہر سطح کے کمانڈروں کو تمام رینکس کی پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ مرکوز رکھنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کا ٹیکنالوجی کا حامل وسیع جزو ہونے کے ناطے آرمرڈ کور کے لئے جدتوں سے ہم آہنگ رہنا ضروری ہے۔