اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):ڈاکٹر ثانیہ نے جی ٹی روڈ پر راولپنڈی سے جہلم تک6چھوٹے شہروں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کریانہ دکانداروں کو احساس راشن رعایت پروگرام کی آگاہی فراہم کرنا تھا۔ڈاکٹر ثانیہ احساس راشن آگاہی مہم کے سلسلے میں اس ہفتے30شہروں کے دورے کریں گی۔ڈاکٹر ثانیہ نےہفتہ کے روز روات، مندرہ، گوجر خان، سوہاوہ، دینہ اور جہلم کا دورہ کیا۔
نیشنل بینک، ضلعی انتظامیہ اور احساس کے اعلیٰ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نےہر شہر میں کریانہ دکانداروں سے ملاقات کی۔انہوں نے دکانداروں کوپروگرام میں رجسٹریشن کے بارے میں بتایا اور متعدد کریانہ مالکان کو خود پورٹل پر رجسٹر کروایا۔ڈاکٹر ثانیہ نے دورے کے دوران مقامی میڈیا، انجن تاجران اور نوجوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ مستحق گھرانوں اور کریانہ مالکان کو پروگرام میں رجسٹر ہونے میں مدد اور رہنمائی فراہم کریں۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام سے دو کروڑ خاندان مستفید ہونگے۔کم آمدنی والے گھرانوں اور کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن پورٹل پر جاری ہے۔احساس رجسٹریشن پورٹل کا پتہ درج ذیل ہےehsaasrashan.pass.gov.pk۔ڈاکٹر ثانیہ نے مزید بتایا کہ کریانہ دکانداروں کی رجسٹریشن کیلئے بینک اکاؤنٹ نمبر فراہم کرنا ضروری ہے۔
جن کریانہ دکانداروں کے بینک اکاؤنٹ نہیں ہیں، وہ نیشنل بینک کی قریبی شاخ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوا سکتے ہیں۔حکومت کی جانب سے کریانہ مالکان کیلیئے خصوصی پیکج، سیل پر پرکشش کمیشن دیا جائے گا اور ہر سہ ماہی میں کریانہ مالکان کو گاڑیاں موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے دئیے جائیں گے۔