اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھے گا ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں دیرپا امن کا ضامن ہے، موجودہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے ساتھ ساتھ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے بھی پر عزم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی ترقی ، مجموعی صورتحال اور مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کی اقتصادی ترقی اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پر عزم ہے ، آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ، حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کررہا ہے ، پاکستان نے 5 اگست 2019 ء کے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا ، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہی خطے میں امن کا ضامن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک برتا جا رہا ہے جبکہ وہاں مسلمانوں کے ثقافتی ورثے کو بھی مٹایا جارہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مودی کی انتہا پسند اور مسلم مخالف حکومت سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہیں۔