اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کرتارپور راہداری کھلنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے، ہندوستان بھی اپنے رویے پر نظر ثانی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کرے۔بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس میں بھارت کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ کرتارپور راہداری کا کھلنا ایک اچھی پیشرفت ہے،
پاکستان نے کورونا وبا کی صورتحال کے پیش نظر صرف تین ماہ کیلئے کرتارپور راہداری کو بند کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے گذشتہ 20ماہ سے کرتارپور راہداری پر قدغن لگا رکھی تھی،ہندوستان اور پوری دنیا میں مقیم سکھ برادری کی جانب سے بی جے پی کی حکومت پر راہداری کھولنے کیلئے بے پناہ دباؤ تھا،بالآخر ہندوستان نے ان کے مطالبے کو تسلیم کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انشاء اللہ آج سے سکھ یاتری اس راہداری سے اپنے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں حکومت پاکستان کی جانب سے، پاکستانی عوام کی جانب سے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ہمیں خوشی ہے کہ ہم نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے یہ راستہ کھولا،
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں جتنی بھی اقلیتیں ہیں انہیں اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کی مکمل آزادی ہے، کاش، ہندوستان بھی اپنے رویے پر نظر ثانی کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں ایسا ہی ماحول پیدا کر دے کہ لوگ جمعہ اور عید کی نمازوں کی ادائیگی کیلئے مساجد میں جا سکیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کاش ہندوستان وہ ماحول پیدا کر دے جو آج ہم پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔