ساٹھ ہزار الیکٹرانک ووٹنگ مشین باآسانی 30 دن کے اندر تیار ہوسکتی ہیں، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

155
حکومت شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ہرطرح سے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کرے گی،وفاقی وزیر سینیٹرشبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد۔19نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ تقریباً 60 ہزار الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) باآسانی 30 دن کے اندر تیار ہوسکتی ہیں،

جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ ای وی ایم کی مطلوبہ تعداد تین ماہ کے اندر تیار کی جا سکتی ہے اور اب یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ مزید وقت ضائع کئے بغیر اس کا ٹینڈر جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں کی تیاری میں 45ارب روپے خرچ ہوں گے ۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں ضمنی انتخابات کا انعقاد ای وی ایم کے ذریعے کروائے، حکومت نے ای وی ایم کے ذریعے ملک میں صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کیلئے عملی اقدام اٹھایا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں ای وی ایم کے ذریعے انتخابات ہو رہے ہیں، بدقسمتی سے سابقہ حکومتوں نے ٹیکنالوجی کے استعمال کےذریعے الیکشن کروانے پر توجہ نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017میں واضح ہے کہ انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ موجودہ ای وی ایم الیکشن کمیشن کے قواعد وضوابط کے مطابق تیار کی گئی ہے، حکومت مستقبل میں انتخابات کا انعقاد ای وی ایم کے ذریعے کرانے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای وی ایم کے حوالے سے اپوزیشن عوام کو گمراہ کر رہی ہے، ای وی ایم میں دھاندلی کی کوئی گنجائش نہیں ، حکومت نے قانون پاس کر دیا ہے اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پر عملدرآمد کرائے۔