افغانستان میں امن، استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے روابط کو وسعت دینے اور افغان عوام کی مالی معاونت کی فوری ضرورت ہے، وزیر اعظم عمران خان

125

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان سے امریکی ہاوس فارن افیئرز کمیٹی (ایچ ایف اے سی) کے چیئرمین کانگریس مین گریگوری میکس نے ملاقات کی ہے ۔ ذیلی کمیٹی برائے ایشیا، بحرالکاہل، وسطی ایشیا اور عدم پھیلائو کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین کانگریس مین ایمی بیرا بھی انکے ہمراہ تھے۔

پیر کو یہاں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو افغانستان میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر افغان عوام کی مالی معاونت کی فوری ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ لیکویڈیٹی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے طریقے اور ذرائع تلاش کیے جائیں گے اور بینکنگ چینلز کو اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ افغانستان کو فوری معاشی بوجھ اور چیلنجز کو برقرار رکھنے میں مدد فراہم کر سکیں۔ انہوں نے دونوں ارکان کانگریس کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ نہ صرف پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا باعث بنے گا بلکہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان انتظامیہ سمیت تمام سطحوں پر مزید اعلیٰ سطحی تبادلے ہوں گے اور ان کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ صحت، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں تعاون کرنا چاہیے۔