اسلام آباد۔23نومبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر قانون ساز ی کے بعد ان قوانین پر عملدرآمد کے لئے تین مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ۔
منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق کمیشن کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹیوں کے مینڈیٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک ووٹنگ ٹیکنکل کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں بنائی گئی ہے جس کا مینڈیٹ انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز، اس سلسلے میں عالمی معیار او ر بہترطریقہ کار کی نشاندہی ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ کے استعمال کا طریقہ کار اور کام کا جائزہ ، پالیسی ، مشین بنانے کی حکمت عملی اور اس ،کی تکنیکی و فعالیت کے اعتبار سے جائزہ لینا ، قانونی حدود میں رہتے ہوئے آر ایف پی کی تیاری اور اس سلسلے میں آئندہ کی ضرورت کی نشاندہی شامل ہے ،اسی طرح بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹنگ کے لئے جو پراسس درکار ہے اس کی نشاندہی اور اس پر عملدرآمد کا طریقہ کار وغیرہ بھی شامل ہیں ۔
دوسری کمیٹی ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) کی سربراہی میں بنائی گئی ہے جس کا مینڈیٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم پر آنے والے اخراجات اور الیکشن سے متعلق دیگر امور شامل ہیں۔
کمیٹی مشینوں کی پائلٹ ٹیسٹنگ اور مشینوں کے اصل استعمال کے لئے لائحہ عمل الیکشن کمیشن کے سامنے رکھے گی۔ مزید برآں اس پراجیکٹ پر عملدرآمد کے لئے الیکشن کمیشن کی بجٹ ضروریات اور دیگرمعاملات جن میں مشینوں کے سٹوریج کا بندوبست کرنابھی شامل ہیں اس پر بھی اپنی جامع سفارشات کمیشن کے سامنے پیش کرے گی تاکہ حکومت کو اس سلسلے میں آگاہ کیا جاسکے اور قلیل اور طویل المدتی بنیادوں پر محفوظ سٹوریج کا بندوبست کیا جا سکے ۔
اس سلسلے میں پہلے ہی الیکشن کمیشن ، ایچ الیون فور میں ایک پراجیکٹ پلاننگ کمیشن کو تجویز کر چکا ہے جہاں پر سٹوریج کا بھی بندوبست کیا جاسکتا ہے اور اس کے انتظام کے لئے کسی بھی حکومتی عمارت میں مناسب جگہ مختص کی جا سکتی ہے۔
تیسری کمیٹی ڈائریکٹر جنرل لاء کی سربراہی میں بنائی گئی ہے جس کا مینڈیٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حقوق دینے کے حوالے سے اس پر عملدرآمداور اس عملدرآمد میں موجودہ قوانین کی روشنی میں سابقہ قوانین سے تقابلی جائزہ اور اس میں درپیش مشکلات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنا اور موجود ہ قوانین اور رولز میں ترامیم کے لئے اپنی تجاویز و سفارشات مرتب کرنا شامل ہیں ۔