محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ماہ شیڈول ہوم سیریز سے دستبردار

101
محمد حفیظ

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ ویسٹ انڈیز کےخلاف آئندہ ماہ ہوم ٹی ۔20 سیریز نہیں کھیلیں گے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ۔20 میچوں کی سیریز آئندہ ماہ کراچی میں کھیلی جائے گی ۔مہمان ٹیم اس کے علاوہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔

محمد حفیظ لنکا پریمئیر لیگ کھیلنے کے لیے ہوم سیریز سے دستبردار ہوئے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )سے این او سی بھی حاصل کرلیا ہے۔محمد حفیظ کے علاوہ مایہ ناز آل رائونڈر شعیب ملک کا بھی ہوم سیریز میں شرکت کا امکان نہیں ہے ۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ۔20 ورلڈ کپ کے بعد محمد حفیظ نے بنگلا دیش کے خلاف ٹی ۔20سیریز سے اپنی دستبرداری کا اعلان کیا تھا اور ان کی جگہ افتخار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔لنکا پریمیئر لیگ میں محمد حفیظ گال گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے جبکہ شعیب ملک جافنا کنگز کی نمائندگی کریں گے۔