اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ مریم صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کروا رہی ہیں،کیلبری کوئین سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر کے "تاخیری حربے ” اختیار کئے ہوئے ۔
بدھ کو مریم صفدر کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مریم صفدر جان بوجھ کر اپیلوں کی سماعت میں تاخیر کروا رہی ہیں۔ مریم نواز کے وکیل ایک سال سے بہانے بنا کر تاریخیں لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیلبری کوئین سزا کے خلاف اپیلیں دائر کر کے "ڈیلے انگ ٹیکٹس” اختیار کئے ہوئے ہیں۔ کیلبری فونٹ کے ذریعے جعلسازی کی مرتکب محترمہ ناقابلِ تردید ثبوتوں کی وجہ سے سزایافتہ ہوئیں۔
ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ ماضی کی طرح "وڈیوز”سے عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی ملکہِ جعلسازی کی مذموم کوششیں ناکام ہوں گی ۔ جعلسازی کی ماہر کیلبری کوئین کیلبری فونٹ اور قطری خط کے علاوہ کوئی ثبوت نہیں دے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ جرم ثابت ہوئے مگر جوابدہی کے بجائے الزامات کے سلسلے شروع ہو گئے۔ڈھٹائی دیکھیں، مفرور والد ایون فیلڈاپارٹمنٹس میں عیش کر رہے ہیں اور بیٹی یہاں ملکیت سے انکاری ہے۔