چیف آف آرمی سٹاف جنرل جنرل قمر جاوید باجوہ سے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر برائےافغانستان، پاکستان اور ایران اور برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان نائجل کیسی کی ملاقات

70
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔24نومبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل جنرل قمر جاوید باجوہ سے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر برائےافغانستان، پاکستان اور ایران اور برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان نائجل کیسی نے یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ پیش رفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کے لیے افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔

انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ معزز مہمان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔