آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا آرمی میڈیکل کور (اے ایم سی ) سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ ، یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

73
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔26نومبر (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور (اے ایم سی) سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف نے رسمی طور پر لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو پہلی خاتون جنرل کے طور پر اے ایم سی کی کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے امن اور جنگ کے دوران صحت کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے میں اے ایم سی کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اے ایم سی نے ہمیشہ اندرون اور بیرون ملک قدرتی آفات کے دوران ڈیوٹی کی کال کا جواب دیا ہے۔

ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کوویڈ-19کے خلاف صف اول کے سپاہی رہے ہیں جنہوں نے پاکستان کے عوام کی حفاظت اور بہبود کے لیے مثالی عزم اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان آرمی کی پہلی تھری سٹار خاتون جنرل آفیسر کی بطور کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی تعیناتی درحقیقت پاکستان کی فوج اور ملک کے لیے بے حد فخر کی بات ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ میڈیکل سائنس میں تیز رفتار ترقی کے ساتھ خود کو ہم آہنگ رکھنا ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لیے ضروری ہے۔