اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے ریونیومیں اضافہ اورٹیکس کی بنیادمیں وسعت کیلئے ایف بی آرکو اپنی کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزارت خزانہ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس کی بنیادمیں وسعت کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں ایف بی آر اوروزارت خزانہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم نے محصولات میں اضافے اور وسائل کو متحرک کرنے کے لیے ممکنہ ٹیکس دہندگان تک رسائی کے اقدامات اوراس حوالہ سے پیش رفت بارے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے ڈیٹا کو مرتب کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ہیں جو ممکنہ اور موجودہ ٹیکس دہندگان کو ویب پورٹل کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔
ممکنہ اور موجودہ ٹیکس دہندگان تک پہنچنے کے حوالہ سے اہم چیلنجز، عوامی آگاہی اور ایف بی آر کی جانب سے اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔مشیرخزانہ نے ایف بی آرکی جانب سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی اوریہ بات زوردے کرکہی کہ ٹیکس دہندگان کے ساتھ موثر اور مضبوط رابطہ ایف بی آر کی جانب سے شروع کی جانے والی سرگرمیوں کا محور ہونا چاہیے تاکہ ملک میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کی کوششوں کے لیے عوامی حمایت حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے ایف بی آرکی ٹیم پرمکمل اعتمادکااظہارکیا اورانہیں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مشیرخزانہ نے ریونیومیں اضافہ اورٹیکس کی بنیادمیں وسعت کیلئے کوششوں میں تیزی لانے کی ضرورت پربھی زوردیا۔