اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں، بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی، معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے سفیرکستافن یرزان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان قازقستان دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی اور معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔
محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالاء میں پاکستان، قازقستان دوستی گروپ موجود ہے، جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا۔پاکستان وسطی اشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔ قازقستان کے سفیر نے پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔