ملک میں کھیلوں کے فروغ اور بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور معاون خصوصی عثمان ڈار کا کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب

88

اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، میرٹ پر نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں گے، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبوں کی مشاورت سے سپورٹس پالیسی تیار کی ہے، پاکستان کے نوجوانوں کے لیے کامیاب جوان پروگرام لایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دیگر سیکٹرز کی طرح پاکستان کے نوجوانوں کے لیے کامیاب جوان پروگرام لایا گیا ہے، اگلے پانچ سالوں میں کھیلوں میں بھی مافیا کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں ہر ڈسٹرکٹ میں کھیل کا میدان بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نوجوانوں کو میرٹ سے پیچھے دھکیلا گیا۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ احساس پروگرام میں سندھ کو پانچ ارب روپے مہیا کیے گئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک نعمت ہے، ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے، نوجوانوں کے لیے کامیاب جوان پروگرام بہترین پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالوں میں ہم سپورٹس سے مافیا کا خاتمہ کریں گے، میرٹ پر جوانوں کو کھیلوں کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر صوبوں کی مشاورت سے سپورٹس پالیسی تیار کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بہت جلد ہر ضلع میں کھیل کا میدان دیکھیں گے اور ہر میدان میں نوجوان پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس پروگرام میں تمام پاکستان کے نوجوانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، نوجوانوں کو جب بھی بلایا انہوں نے عزت رکھی۔ انہوں نے کہا کہ دو لاکھ نوجوان کامیاب جوان پروگرام میں ہنر حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر کے نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں، نوجوان ملک بھر میں کاروبار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ صوبائی حکومتوں، فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر نوجوانوں کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سامنے لائیں گے، نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کریں گے۔ قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے نظامت کے فرائض سرانجام دیئے اور پرجوش نعروں سے نوجوانوں کا لہو گرمائے رکھا۔