صد ر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہراسیت میں ملوث شخص کی اپیل مسترد کردی

144

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):صد ر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہراسیت میں ملوث شخص کی اپیل مسترد کردی۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے جاری بیان کے مطابق سابق بینک منیجر نے انسانی بنیادوں پر صدر مملکت سے سروس میں بحالی کی درخواست کی تھی، بینک نے منیجر پر ہراسیت کا الزام ثابت ہونے پر نوکری سے فارغ کردیا تھا۔

حبیبہ رؤف نے منیجر نعیم اقبال کے خلاف بینک کو ہراسیت کی شکایت کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق بینک انکوائری پر نعیم اقبال پر لگائے گئے الزامات ثابت ہوئے، ہراسیت کے الزامات ثابت ہونے پر نعیم اقبال کو بینک نے برطرف کردیا۔

نعیم اقبال نے برطرفی کے خلاف کام کی جگہ پر انسدادِ ہراسیت کے وفاقی محتسب کو درخواست دائر کی۔ محتسب نے نعیم اقبال کوچھوٹے بچوں اور بزرگ والدین کی وجہ سے سزا میں نرمی دی، انسداد ہراسیت محتسب نے ”نوکری سے برطرفی” کی بجائے ”نوکری سے نکالنے” کی سزا دی۔ نعیم اقبال نے صدر مملکت سے انسانی بنیادوں پر سروس میں بحالی اورمحتسب کا فیصلہ مسترد کرنے کی درخواست کی تھی۔

صد ر مملکت نے ہراسیت میں ملوث شخص کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلہ میں کہا کہ معزز محتسب سزا کو ”نوکری سے برطرفی” کی بجائے ”نوکری سے نکالنے” میں بدل چکا، درخواست گزار محتسب کے حکم میں کسی قسم کی غیر قانونیت ثابت کرنے میں ناکام رہا، درخواست گزار نے انسدادِ ہراسیت محتسب کا حکم بدلنے کیلئے کوئی جواز پیش نہیں کیا، اس لئے درخواست گزار کی نوکری میں بحالی کی اپیل مسترد کی جاتی ہے۔