پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ کیلئے مشترکہ ٹیلی ویژن قائم کیا جائے گا، او آئی سی پلیٹ فارم کے تحت سکالرز کا ایسا یونٹ تشکیل دیا جائے جو مذہبی مسائل میں رہنمائی کر سکے، وفاقی وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

104
https://urdu.app.com.pk/urdu/287003

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ کے لئے مشترکہ ٹیلی ویژن قائم کیا جائے گا، میڈیا اشتراک کے لئے فوکل پرسنز بنا دیئے گئے ہیں، جوائنٹ میڈیا نیٹ ورک تشکیل دیں گے، او آئی سی پلیٹ فارم کے تحت سکالرز کا ایسا یونٹ تشکیل دیا جائے جو مذہبی مسائل میں رہنمائی کر سکے۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی او آئی سی اجلاس کے موقع پر مختلف مندوبین سے ملاقاتیں ہوئیں، افغانستان کی صورتحال بنیادی موضوع رہی، وزیراعظم نے رحمت للعالمین اتھارٹی کا بھی خصوصی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان میڈیا روابط کے فروغ کے لئے مشترکہ ٹیلی ویژن قائم کیا جائے گا، میڈیا اشتراک کے لئے فوکل پرسن بنا دیئے گئے ہیں، جوائنٹ میڈیا نیٹ ورک تشکیل دیں گے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان، ملائیشیا اور دیگر ممالک میں شدت پسندی کے معاملات سے نمٹنے کی ضرورت ہے، او آئی سی پلیٹ فارم کے تحت سکالرز کا ایسا یونٹ تشکیل دیا جائے جو مذہبی مسائل میں رہنمائی کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین اتھارٹی کے ذریعے تمام سکالرز کو ایک جگہ اکٹھا کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ او آئی سی کے تحت ایسا فورم تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جو مذہبی بحثوں میں آنے والے مسائل کو حل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ رحمت العالمین اتھارٹی کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی، او آئی سی کے تحت ایسا ہی یونٹ تشکیل دیا جائے گا۔