وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام قومی ورکنگ ویمن ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

101

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزارت انسانی حقوق کے زیراہتمام ورکنگ ویمن کا قومی دن منایا گیا۔ اس حوالے سے بدھ کو یہاں وزارت انسانی حقوق میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، سیکرٹری انسانی حقوق، اعلیٰ افسران اور وزارت کی تمام خواتین ورکنگ اسٹاف نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ یہ دن ان ورکنگ ویمن کی کوششوں کی یاد دلاتا ہے جو نہ صرف دفاتر بلکہ گھروں میں بھی کام کررہی ہیں اور وہ گھریلو آمدنی میں اہم حصہ شامل کرکے اپنے خاندانوں کی مالی معاونت کررہی ہیں۔ اس لئے ہر سطح پر ان کے کردار کو سراہنے اور تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ، ورکنگ ویمن کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور خواتین کی زیادہ سے زیادہ موجودگی کو اہم اور اعلیٰ جگہوں پر دیکھا جا سکتا ہے لیکن ہمارا معاشرہ ابھی بھی ان مشکلات کے بارے آگاہ اور سنجیدہ نہیں ہے جن مشکلات کا کام کرنے والی خواتین کو سامنا ہے۔ اب بھی کچھ رکاوٹیں موجود ہیں جنھیں کام کرنے والی خواتین کو خود کو فائدہ مند ثابت کرنے کے لئے عبور کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کام کرنے والی خواتین کے لئے میٹرنٹی کے قواعد میں تبدیلی ہونی چاہئے تاکہ کام کرنے والے ماحول کو ان کے لئے مزید بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم اپنی وزارت کے فورم سے مسلسل جدوجہد میں ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ورکنگ آپشن دستیاب ہو ں اور اپنے ملک میں خواتین کی آبادی کو یکساں روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

سیکرٹری انسانی حقوق جناب امان اللہ خان نے کہا کہ ترقی پسند تحریک اور زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کا کردار، معاشرے کی مضبوطی کے لئے ہمیشہ سے ایک ڈرائیونگ فورس رہا ہے لیکن ہمیں اب بھی خواتین کی مزید آزادی کے لئے ایک طویل راستہ طے کرنا ہوگا جو صرف ایک مساوات پر مبنی معاشرے کو بنانے کے لئے کئی طویل موجودہ ٹیبوز کو توڑ کر ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے سال 2010 میں ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں خواتین کی شراکت کو تسلیم کرنے کے لئے 22 دسمبر کا دن قومی ورکنگ ویمن ڈے قرار دیا تھا۔