یورپ اور برطانیہ کے ساتھ تجارت سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

73

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اور تجارت کلیدی اہمیت کی حامل ہے ،برطانیہ اور یورپ پاکستانی مصنوعات کے لیے بڑی تجارتی منڈی ہے اور پاکستانی مصنوعات کی ان تک رسائی کے لیے برآمد کنندگان اور تاجر برادری کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔

ان خیالات کا اظہاراانہوں نے یورپ اور برطانیہ میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے وزیر اعظم کے مشیر صاحبزادہ جہانگیرسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یورپ اور برطانیہ کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری میں فروغ سے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن ملک کا سرمایہ ہیں اور ان کی جانب سے بھیجا جانے والا قیمتی زرمبادلہ ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے حال ہی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انتخابات میں شمولیت کے لیے قانون سازی کی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس قانون سازی سے جمہوری عمل میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شمولیت میں اضافہ ہوگا۔

صاحبزادہ جہانگیر نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یورپ اور برطانیہ کے ساتھ سرمایہ کاری اور تجارت میں اضافہ کے لیے موجود ہ حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔