حکومت مسیحی برادری سیمت اقلیتوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے لیے پر عزم ہے، نالہ لئی اور راولپنڈی رنگ روڈ منصوبوں کی منظوری پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

98

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت مسیحی برادری سیمت اقلیتوں کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کے لیے پر عزم ہے، مسیحی برادری کی آباد کاری کے لیے کام کرنے جارہے ہیں، سیالکوٹ جیسے واقعات سے ملکی تشخص کو نقصان پہنچتا ہے، ہمارے تمام مذاہب اور فرقوں سے اچھے تعلقات ہیں۔ نالہ لئی اور راولپنڈی رنگ روڈ منصوبوں کی منظوری پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں کرسمس کی تقریب سےبطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا.

وفاقی وزیر نے کہا کہ کرسچن کمیونٹی کے رہائشی مسائل کے حل کیلئے کوشش کروں گا، مسیحی برادری کے لئے کالونی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کے مسائل حل کریں گے اور ان کے لیے آباد کاری کے لیے کام کرنے جا رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ سے ملکی بدنامی ہوئی ہے اور اس واقعہ سے پاکستان کا دنیا کو غلط میسج گیا، پاکستان امن پسند ملک ہے یہاں پر تمام مذاہب کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور تمام مذاہب کے ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر اگر کسی مسیحی ملازم کو 25دسمبر تک تنحوا نہ ملے تو وہ خود ان کا نوٹس لیں گے۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے، رنگ رود اور ہسپتال کے لیے اربوں روپے کی منظوری پر وزیر اعظم عمران خان، عثمان بزدار اور ایکنگ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے 26 سالہ دور سیاست میں نالہ لئی ایکسپریس وے کا منصوبہ 11ارب سے 105ارب روپے تک پہنچا ہے، نالہ لئی منصوبہ کے بعد اپنی سیاست کا بھی فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی ورکر ہوں اور میں مذاہب کے اکابرین کا دل سے احترام کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر نے مسیحی برادری کو کرسمَس کے موقع پر مبارک باد بھی دی۔ وفاقی وزیر نےسی ڈی اے میں عارضی طور پر کام کرنے والے مسیحی برادری کو ریگولر کرانے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ان لوگوں کی بورڈ نے بھی منظوری دی ہے اور جو لوگ رہ گئے ہیں ان پر بھی مسیحی برادری کو میرٹ پر قانونی تقاضے پورے کرکے رکھیں گے۔