پاکستان آئندہ برس مارچ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا تقریب سے خطاب

107

ملتان۔23دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی کے کامیاب اجلاس کے انعقاد پر دنیا بھر میں پاکستان کو سراہاجارہاہے،پاکستان آئندہ برس مارچ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کرنے کیلئے پر عزم ہے،پچھلے دور حکومت میں وزیر خارجہ کا تقرر نہ کرکے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کی گئی اور آج پاکستان، اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کا وقار بلند اور ترقی کی را ہ پر گامزن کرناچاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ملتان میں پی ٹی آئی رہنما ملک طارق بھٹہ کے زیر اہتمام تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی شروع سے خواہش ہے خطے میں امن‘ خوشحالی اور افغانستان میں ترقی ہو کیونکہ افغانستان میں خوشحالی ہوگی تو خطے میں بھی امن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم مسئلہ افغانستان کے 38 ملین عوام کو بھوک اور غربت سے بچانا ہے اور پاکستان نے اس مسئلہ پر پہل کرلی اور افغانستان کے مسئلہ پر دنیا کو جگانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ رب العزت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایک تاریخی، سفارتی کامیابی سے نوازا ہے اور میں اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں این اے 156کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کا منتخب نمائندہ دنیا بھر میں پاکستان کا بھر پورمقدمہ لڑ رہاہے اور میں یہ یقین دلاتا ہوں کہ اپنے ووٹرز اور قوم کو مایوس نہیں کروں گا،ہم خلوص نیت سے ملکی ترقی اور پاکستان کا وقار بلند کرنے کیلئے کوششیں کررہے ہیں، معاشی سفارت کاری پر بھی بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی امنگوں کے مطابق خارجہ پالیسی تشکیل دی ہے جس میں سب ملکوں کے ساتھ برابری کی سطح پر روابط کو قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

بعد ازاں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی رہنما ملک طارق بھٹہ‘ ملک عثمان بھٹہ اور دیگر احباب کے ہمراہ او آئی سی اجلاس کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر کیک کاٹا۔ قبل ازیں ملتان میں انہو ں نے ایک تقریب میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں پودا لگایا۔بعدازاں انہوں نے ملتان میں وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ بیرسٹر عثمان ڈوگر‘ ملک عدنان ڈوگر کی والدہ مرحومہ کی رسم قل خوانی میں شرکت کی۔