اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کھلے دل سے مسلم امہ کے اس لیڈر کا بھی شکریہ ادا کریں جس نے نبی کریم ﷺکی شان اقدس کی حرمت کا مدعا پوری دنیا کے سامنے رکھا۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو مولانا فضل الرحمان کے ٹویٹ کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج ولادی میر پوٹن جیسے عالمی رہنما عمران خان کی ان کاوشوں کے نتیجے میں اس مسئلے پر دو ٹوک رائے دے رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے اپنے ٹویٹ میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کو ان کے بیان پر خراج تحسین پیش کیا جس میں روس کے صدر نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اظہار رائے کی آزادی یا فن کا اظہار نہیں، عالم اسلام کے اس موقف کی تائید ہے کہ حضورﷺ کی حرمت و تقدس آفاقی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف پوری دنیا میں مسلم امہ کا مقدمہ پیش کیا، پاکستان میں رحمت اللعالمین اتھارٹی قائم کی، تحفظ ناموس رسالت کے لئے اقدامات بروئے کار لائے۔ جب وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر اسلامو فوبیا کا مقدمہ لڑ رہے تھے تو مخالفین کا کہنا تھا کہ تقریروں سے کیا ہوتا ہے؟ آج عالمی ایوانوں میں اسلامو فوبیا کے خلاف اٹھتی آوازیں انہی تقاریر پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہیں۔