سربراہ پاک فضائیہ کا قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت اور کرسمس کے موقع پر پیغام

175

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا ہےکہ بابائے قوم ایک با کمال ذہنی استعداد، منصفانہ نقطۂ نظر، مضبوط کردار اور دلکش شخصیت کے حامل عظیم رہنما تھے۔

ہفتہ کو ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بانی پاکستان کی سالگرہ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اعلیٰ بصیرت کے مالک دور اندیش انسان تھے اور جو کچھ انہوں نے تجویز کیا وہ درست اور سچ ثابت ہوا۔ اپنے زریں اصولوں اتحاد، ایمان اور یقینِ محکم سے انہوں نے مسلمانان پاک و ہند کو متحد کر کے انکی رہنمائی کی اور آخر کار انکے لئے ایک الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ انہوں نے ایک ایسا کارنامہ سر انجام دیا جو تاریخ میں کم ہی لوگوں نے انجام دیا ہوگا۔ بیشگ، وہ ہم سب کے لئے رہنمائی اور ہدایت کا ابدی ذریعہ رہیں گے۔

پاک فضائیہ کے کارکنان کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کے لئے قائد کے تصور "سیکنڈ ٹو نن” کے عین مطابق میں آپکو یاد دلاتا چلوں کہ موجودہ دنیا کی غیر یقینی صورتحال میں ہمیں اپنی استعداد بڑھانی ہوگی۔ اس لیے میں آپ پر زور دیتا ہوں کہ پاک فضائیہ کے مستقبل کے ہدف کے حصول کے لئے اپنی کاوشوں کو بڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ محنت، جانفشانی اور غیر متزلزل حوصلے سے آپ مستقبل میں فضائیہ کو عظمت اور برتری کی نئی رفعتوں سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ پاک فضائیہ ایک شاندار تاریخ کی حامل اور ہمیشہ قوم کی توقعات پر پوری اتری ہے۔

انہوں نے کرسمس کے موقع پر پاک فضائیہ کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان اور پاکستان ائیر فورس کے لئے مسیحی برادری کی خدمات قابلِ ستائش اور باعثِ فخر ہیں۔