اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے ہفتہ کو اپنا کرسمس کا تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا، پاکستان میں گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں کرسمس کی تقریبات کا آغاز ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔
تہوار کی تقریبات میں کوویڈ۔19 سے بچائو کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسیحی برادری یہ تہوار روایتی جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہوئے احتیاطی تدابیر کو اختیار کی تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں کردار ادا کیا جائے ۔
مسیحی عملہ کے اراکین کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے ہفتہ بھر سے ہی مختلف اداروں میں تقریبات کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ ’’اے پی پی“ کے زیر اہتمام مسیحی ملازمین کے اعزاز میں کرسمس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے خطاب کیا جبکہ سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، وزارت اطلاعات کے دیگر سینئر افسران، ایم ڈی اے پی پی سیّد مبشر حسن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر عدیلہ رباب اور ’’اے پی پی ‘‘سینئر افسران سمیت ملازمین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور مسیحی ملازمین کو ان کے مذہبی تہوار کی مبارکباد دی۔
گذشتہ روز کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)میں کرسمس کے کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ چیئر مین سی ڈی اے عامر علی احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملک بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی برادری کے لئے خصوصی سروسز کا انعقاد کیا گیااور ملک کے امن ، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ وبائی مرض سے نجات اورپوری انسانیت کی حفاظت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔
کرسمس ٹری ، سا نتا کلاز ، کیرولز اور کرسمس کے تحائف جیسی روایات بھی اس تہوار کا خصوصی پہلو تھے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد پولیس اور ٹریفک پولیس نے کرسمس کے موقع پروفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے تاکہ امن و امان کی صورتحال اورٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور مسیحی برادری پر امن انداز میں اپنا تہوار منا سکے۔
ٹریفک پولیس نے گرجا گھروں، شاپنگ مالز ، عوامی مقامات اور بازاروں میں خصوصی سکواڈ تعینات کئے تھے تاکہ خریداروں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔