
کراچی ۔ 13 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی طرف سے حکومت سے جواب دہی کے لئے پارلیمنٹ اور اسٹینڈنگ کمیٹیاں بہترین پلیٹ فارم ہیں، سٹرکوں اور چوکوں پر بیٹھ کر فیصلے نہیں کئے جا سکتے، صحافیوں کی تربیت کے لئے اکیڈمی قائم ہونی چاہئے، معاشرے میں علمی و فکری بحران پیدا ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کی کتاب ”ملاقاتیں کیا کیا“ کی تقریب رونمائی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ کبھی یہاں پر منتخب حکومتوں کو ہٹایا گیا اور کبھی آمروں نے یہاں پر حکمرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشرتی رویے تبدیل ہوتے جا رہے ہیں جس سے علمی و فکری بحران پیدا ہو رہا ہے۔