وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سندھ کے مزید 4 اضلاع کے لیے تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ کے 2 منصوبوں کا اجرا کر دیا

64

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے سندھ کے مزید چار اضلاع کے لیے ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ سروسز (این جی بی ایس ڈی) کے مزید دو منصوبوں کا آغاز کر دیا ہے جہاں پہلے سہولت کا فقدان تھا۔ یہ منصوبے 12 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیے جائیں گے جن کی کل لاگت 698 ملین روپے ہے اور جاز نیٹ ورک کو یہ کام تفویض کیا گیا ہے۔

دونوں منصوبوں کے معاہدے پر یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری اور جاز نیٹ ورک کے نائب صدر مدثر حسین نے دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید امین الحق نے کہا کہ پہلا پراجیکٹ 246 ملین روپے کی لاگت سے ہائی سپیڈ موبائل براڈ بینڈ سروسز فراہم کرے گا جس میں قمبر شہدادکوٹ اور لاڑکانہ کے 359 غیر سہولت یافتہ اور زیر غور موضع جات شامل ہیں جبکہ دوسرا منصوبہ 246 ملین روپے کی لاگت کا ہےجس سے451 ملین روپے سے نوشہرو فیروز اور شہید بینظیر آباد اضلاع کے 438 موضع جات کو این جی بی ایس ڈی سہولت میسر آئے گی۔

سید امین الحق نے کہا کہ ایم او آئی ٹی ٹی کے تحت سندھ میں 8.48 بلین روپے کی لاگت سے 9 منصوبے پہلے ہی زیر عمل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت صوبے کے 19 اضلاع کے 3 ہزار 227 موضع جات کو ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سید امین الحق نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومت صوبے میں نہ خود ترقیاتی کام کراتی ہے اور نہ کسی کو کرنے دیتی ہے۔ انہیں خطرہ ہے کہ سندھ کے لوگوں کو سہولت اور ترقی ملے گی تو وہ پرانے نظام کے خلاف کھڑے نہ ہوجا ئیں۔

باقی تمام صوبوں میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور دیگر منصوبے صوبائی حکومتوں نے شروع کیے لیکن سندھ اپنی ذمہ داری سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ ہر معاملے میں وفاق کو تنقید کا نشانہ بنانا ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔ سندھ حکومت اپنے سیاہ کارناموں کو چھپانے میں مصروف ہے اور اسی کے لئے بلدیاتی نظام میں بھی ترامیم کے ذریعے کالے قانون شامل کر دیئے ہیں جس سے ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے اگر یہ اقدام واپس نہ لئے گئے تو عوام سڑکوں پر ہوں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کالے بلدیاتی قانون کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ آئندہ ہفتے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرے گی ۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں یو ایس ایف کے چیف ایگزیکٹو حارث محمود چوہدری نے یو ایس ایف کی کارکردگی اور سندھ کے لیے دو نئے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر سید امین الحق کی ہدایت کے مطابق سندھ کے تمام منصوبے اعلی معیار کے مطابق مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔

چیف کمرشل آفیسر جاز آصف عزیز نے کہا کہ تمام شہریوں کو قابل اعتماد موبائل براڈ بینڈ فراہم کرنا جاز کی ایک اہم ترجیح ہے۔ یو ایس ایف کے ساتھ اس تعاون کے ذریعے سندھ کے 719 غیر خدماتی موضع جات کو تیز رفتار موبائل براڈ بینڈ تک رسائی مل جائے گی اور شہریوں کو سماجی اقتصادی ترقی کے بے پناہ مواقع میسر آئیں گے۔