حکومت شعبہ صحت کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے،معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان

143

لاہور۔14جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت شعبہ صحت کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے، لاہور میں حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور یہ ان کا حق ہے کہ انہیں مہلک بیماریوں سے بچایا جائے ،انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو تمام صوبے کامیاب بنانے کے لئے مل کر کام کرتے ہیں جو خوش آئند ہے،

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ خسرے کے خلاف قومی مہم میں 9 کروڑ 40 لاکھ بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگا کر کامیابی سے مکمل کیا گیا. انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرونا وبا کے دوران بہترین حکمت عملی سے کام لیا اور 70 ملین ویکسینیشن کا ٹارگٹ 30 دسمبر تک حاصل کرلیا.

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ شروع ہوگیا ہے اس لئے ہمیں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ضرورت ہے اور ماسک کا استعمال ضرور کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے جنوبی خیبرپختونخوا میں زیادہ محنت کی ضرورت ہے،

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کے پی کے کے بعد پنجاب کے ہر شہری کو 10 لاکھ تک علاج معالجے کی سہولت فراہم کردی ہے، یہ سہولت ترقی یافتہ ممالک کے پاس بھی میسر نہیں۔