ختم نبوت کو پہلی بار نصاب کا حصہ بنایا اور سود کے خلاف قانون سازی کی ، اسد قیصر

60

صوابی۔14جنوری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مارچ سے ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کیا جائے گا، مدارس کے طلباء دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم بھی حاصل کر سکیں گے ،ختم نبوت کو نصاب کا حصہ بنایا اور سود کے خلاف قانون سازی کی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں ایماء کرام میں ماہانہ اعزازیہ کے تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پہلی بار پانچویں تک ناظرہ قرآن اور بارہویں تک ترجمہ قرآن کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ایماء کرام اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور پہلی بار حکومت نے ان کی طرف توجہ دی ہے اور ان کیلئے ماہانہ اعزازیہ مقرر کیا ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ کیا جائے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر سال 40 ہزار سے زیادہ مساجد کو شمسی توانائی پر منتقل کر رہی ہے جس سے نمازیوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی ۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی جانب سے فلاحی ریاست کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملک بھر میں دین کی خدمت کرنے والوں کی زندگیوں میں درپیش مسائل کو حل کرنے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رحمت للعالمین اتھارٹی کا قیام ملک کو ریاست مدینہ کی طرز پر گامزن کرنے کا سب سے بڑا اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی حکومت ہے جو دین کے شعبے کی ترقی اور دین کی بے لوث خدمت کرنے والوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔