پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے کمانڈر رائل اومانی بحریہ ریئر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی کی ملاقات

112

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):کمانڈر رائل اومانی بحریہ ریئر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کمانڈر رائل اومانی بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

ترجمان کے مطابق دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ کمانڈر رائل اومانی بحریہ کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعدادکار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے خطے میں بحری سکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر رائل اومانی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔