میڈیا اشتہارات کی آمدن 21۔ 2020 میں 75.64 ارب روپے تک پہنچ گئی، رپورٹ

85

اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):حکومت کی کاروبار دوست اور دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے میڈیا اشتہارات کی آمدنی میں اضافہ ہوا جو 21۔ 2020 میں 75.64 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے یہ آمدن 20 ۔2019 میں 58.6 ارب روپے تھی ۔

معروف پاکستانی میگزین ارورہ کی شائع کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں ٹیلی ویژن کے اشتہارات کی آمدنی میں 8 ارب روپے (31 فیصد)، پرنٹ 2.99 ارب روپے (32 فیصد)، ڈیجیٹل 3.15 ارب روپے (23 فیصد)، آئوٹ آف ہوم اشتہارات (او او ایچ) 2.5 ارب روپے (42 فیصد)، ریڈیو 0.28 ارب روپے (28 فیصد) اور برانڈ ایکٹیویشن 0.27 ارب روپے (12 فیصد) اضافہ ہوا۔

میگزین کی طرف سے صنعتی ذرائع کے مشورے سے مرتب کی گئی اس رپورٹ میں ٹی وی کے لیے صف اول کی 10 مصنوعات کی اقسام شامل کی گئیں جن میں فاسٹ موونگ کنزیومر گڈز (ایف ایم سی جیز) مشروبات پہلے اور پانی دوسرے، ٹیلی کام اور موبائل کمیونیکیشن تیسرے، پکانے کے لئے تیارخوراک چوتھے اور بسکٹ/ کنفیکشنری پانچویں نمبر پر رہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یونی لیور، کولگیٹ پامولیو پاکستان، پی اینڈ جی پاکستان، نیسلے پاکستان، جی ایس کے، ریکیٹ پاکستان، پیپسی کو، جاز، ای بی ایم اور کانٹی نینٹل بسکٹ ٹی وی اشتہارات کی آمدنی کے لیے سرفہرست 10 کمپنیوں میں شامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق پرنٹ میڈیا کو اشتہارات سے حاصل ہونے والی 10 مصنوعات میں سرکاری ادارے سرفہرست رہے جبکہ تعلیمی ادارے دوسرے اور رئیل اسٹیٹ تیسرے نمبر پر رہے۔ اس کے بعد بالترتیب مالیاتی خدمات، ایف ایم سی جی، فارماسیوٹیکل، تیل اور گیس، گھریلو آلات/الیکٹرانکس، ہیلتھ اینڈ بیوٹیشن(مردانہ) اور آٹوموبائل شامل ہیں۔