کراچی۔18جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ میں لاہور اور کراچی پرانے حریف سمجھے جاتے ہیں مگر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ نے اس کی کشش میں بے انتہا اضا فہ کردیاہے، اس مرتبہ روایتی حریفوں کے اس ٹکرا میں توجہ کا مرکز دونوں ٹیموں کے کپتان ہوں گے۔ٹی 20 کرکٹ کے دو نامور ستارے بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ شائقین کرکٹ کے لیے بلے اور گیند کی حقیقی آزمائش کے مترادف ہے۔27 جنوری سے 27 فروری تک کھیلے جانے والے ایونٹ میں متوقع طور پرشائقین کرکٹ کی سب سے بڑی تعداد کراچی کنگز کے کپتان اور اوپننگ بیٹربابراعظم اور لاہور قلندرز کے کپتان اور سٹرائیک بائولر شاہین شاہ آفریدی کے مقابلے کی منتظر ہے۔
بابراعظم قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور شاہین شاہ آفریدی بائولنگ اٹیک کے لیڈنگ بائولر بھی ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے کیلنڈر ایئر2021 میں پاکستان کی ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ریکارڈ 20 فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ۔
بابراعظم نے گزشتہ سال ٹی 20 کرکٹ میں 1779 رنز بنائے۔ وہ ٹی 20 کرکٹ میں اب تک 7471 رنز بناچکے ہیں۔ وہ اس طرز کی کرکٹ میں 18 نصف سنچریاں اور 2 سنچریاں بھی بناچکے ہیں۔ دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال 50 ٹی 20 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ گزشتہ سال صرف تین بالرز ہی یہ کارنامہ انجام دے سکے تھے۔انہوں نے کیلنڈر ایئر 2021 میں 21 کی اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کیں۔دونوں کھلاڑی اس سے قبل 7 مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں آمنے سامنے آچکے ہیں۔
ان 7 میچز میں شاہین شاہ آفریدی کی 46 گیندوں پر بابراعظم صرف ایک مرتبہ آٹ ہوئے ہیں اور 73 رنز بنائے ،جس میں 12 چوکے شامل ہیں۔دونوں حریفوں کا اس مرتبہ بھی پار پلے میں ہی آمنا سامنا متوقع ہے، جہاں شاہین شاہ آفریدی کی اکانومی 6.66 اور بابراعظم کے رنز بنانے کی اوسط 77.42 کی ہے۔دونوں ٹیمیں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں 30 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
اب تک کھیلئے گئے 13 مقابلوں میں لاہور قلندرز نے صرف پانچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے کہاہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے قومی کھلاڑیوں کی ترقی میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے ان کے اپنے کھیل میں نکھار پیدا ہوا ہے۔بابراعظم نے کہا کہ کسی بھی بیٹر کے لیے شاہین شاہ آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہے کیونکہ وہ اپنی تیز رفتار بالنگ سے بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان میں سیکھنے کی لگن ہے اور حالیہ چند سالوں میں ان کی کھیل میں نمایاں بہتری واضح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شاہین شاہ آفریدی کا مقابلہ کرنے کے منتظر ہیں۔ امید ہے کہ شائقینِ کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہایچ بی ایل پی ایس ایل ان سمیت کئی فاسٹ بائولرز کے لیے ایک لانچنگ پیڈکی حیثیت رکھتی ہے۔
یہاں کھیلی جانے والی مسابقتی کرکٹ سے بین الاقوامی کرکٹ کی تیاری میں بھرپور مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دبئی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ایک میچ میں ملتان سلطانز کے خلاف ان کی چار رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والی کارکردگی نے ان میں خود اعتمادی پیداکی۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بابراعظم ایک باصلاحیت بیٹر ہیں اور ان کی مضبوط تکنیک کی وجہ سے انہیں بائولنگ کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ وہ کبھی بھی گیند کو بانڈری لائن کے باہر پھینک کر بائولر کے منصوبے کو خاک میں ملا دیتے ہیں۔انہیں امید ہے کہ ان کا بابراعظم کا یہ مقابلہ لاہور اور کراچی کی عوام کے لیے ایک دلچسپ میچ ہوگا، جس سے وہ بہت لطف اندوز ہوں گے۔