چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمرالاسلام راجہ سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر معظم اعجاز کی ملاقات

قومی پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کمیشن (نیوٹیک)کے چیئرمین انجینئر قمرالاسلام راجہ سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر معظم اعجاز نے نیوٹیک ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):قومی پیشہ وارانہ و تکنیکی تربیت کمیشن (نیوٹیک)کے چیئرمین انجینئر قمرالاسلام راجہ سے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر معظم اعجاز نے نیوٹیک ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی جس میں تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور مستقبل میں باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیتی پروگراموں کے فروغ اور نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق فنی مہارتیں فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین نیوٹیک انجینئر قمرالاسلام راجہ نے کہا کہ ملک میں تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم کے شعبے کو مزید مؤثر بنانے کے لئے تعلیمی اداروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان اشتراک ناگزیر ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو معیاری تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ریکٹر نیوٹیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) انجینئر معظم اعجاز نے نیوٹیک کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کے درمیان شراکت داری سے جدید مہارتوں کے فروغ، تحقیق اور اختراعی منصوبوں کو تقویت ملے گی جس سے ملک میں فنی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد حاصل ہو گی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم اور مہارتوں کی ترقی کے شعبے میں مستقبل کے مشترکہ اقدامات اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

 

مزید خبریں