سپیکر قومی اسمبلی کا مادرِ ملت فاطمہ جناح کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت
مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی قومی خدمات، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
بدھ کو مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے تحریکِ پاکستان کے دوران قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ تاریخی کردار ادا کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد بھی جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ قوم مادرِ ملت کی بے مثال خدمات کو ہمیشہ احترام و عقیدت کے ساتھ یاد رکھے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی پوری زندگی قومی خدمت، دیانتداری، اصول پسندی اور جمہوری روایات کے فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ ملت نے خواتین میں تعلیم، خوداعتمادی، قومی شعور اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دیا اور انہیں قومی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایک مضبوط، متحد، جمہوری اور ترقی یافتہ پاکستان ہی مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے وژن کی حقیقی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم مادرِ ملت کے افکار، اصولوں اور قومی خدمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ملک کی ترقی، قومی یکجہتی، جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی فلاح کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔سپیکر سردار ایاز صادق نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کے درجات بلندفرمائے اور قوم کو ان کے اصولوں، افکار اور جمہوری اقدار پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا کرے ۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح قومی تاریخ کی ایک عظیم اور باوقار شخصیت تھیں جنہوں نے خواتین کی سیاسی و سماجی شمولیت، جمہوری شعور اور قومی وحدت کے فروغ میں گراں قدر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی اصولوں اور دیانتداری پر مبنی جدوجہد نئی نسل کے لئے مشعلِ راہ ہے اور ان کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔








