وزیراعظم شہباز شریف کا مادرِ ملت فاطمہ جناح کی قومی و سیاسی خدمات کو خراجِ عقیدت
مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نوجوان نسل اور بالخصوص خواتین کیلئے مشعل راہ اور نامساعد حالات میں قومی مقاصد کیلئے ثابت قدمی اور بے لوث جذبے کا استعارہ ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مادر ملت فاطمہ جناح کی قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت خداداد کی جدوجہد آزادی میں فاطمہ جناح کی بیش قدر خدمات قومی تاریخ کا قابل فخر حصہ ہیں،
وہ نوجوان نسل اور بالخصوص خواتین کے لیے مشعل راہ اور نامساعد حالات میں قومی مقاصد کے لیے ثابت قدمی اور بے لوث جذبے کا استعارہ ہیں۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59 ویں برسی پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم کی جانب سے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر ان کی قومی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، مملکت خداداد کی جدوجہد آزادی میں محترمہ فاطمہ جناح کی بیش قدر خدمات قومی تاریخ کا قابل فخر حصہ ہیں،قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ محترمہ فاطمہ جناح کی تحریک پاکستان کے دوران انتھک کاوشیں، نڈر کردار اور مثالی جذبہ قومی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نوجوان نسل اور بالخصوص خواتین کے لیے مشعل راہ اور نامساعد حالات میں قومی مقاصد کے لیے ثابت قدمی اور بے لوث جذبے کا استعارہ ہیں۔ انہوں نے ثابت کیا کہ خواتین ہر قومی مقصد میں موثر اور تعمیری کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں ہر شعبہ ہائے زندگی کے افراد نے تاریخ رقم کی اور مادر ملت نے خواتین کی مثالی نمائندگی کی اور دیگر خواتین رہنمائوں کے ساتھ مل کر دلیری سے عملی قیادت کی، برصغیر کی خواتین نے ثابت کیا کہ تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے خواتین تحریک آزادی اور قومی مقاصد کے لیے ناقابل فراموش اور پر زور آواز بن سکتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بھی مادر ملت، ملک و قوم کی سماجی و سیاسی ترقی، معاشرتی ہم آہنگی اور تعمیری اور مثبت اقدار کے فروغ کے لیے کوشاں رہیں،محترمہ فاطمہ جناح کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں، قومی تاریخ میں ان کے کردار اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔







