شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا صوبائی حکومت کے ترقیاتی وژن کا اہم حصہ ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حیات آباد میں 105 کنال پر محیط جدید عوامی پارک کا افتتاح کر دیا

پشاور۔ 08 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں 105 کنال پر محیط جدید عوامی پارک کا افتتاح کر دیا۔

یہ پارک خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت قائم کیا گیا ہے جو جدید اور متنوع تفریحی اور صحت افزا سہولیات پر مشتمل ہے۔ ماحول دوست اصولوں اور توانائی کے موثر استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیے گئے اس جدید پارک سے تقریباً 20 لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔ پارک میں 12 گزیبوز، باسکٹ بال اور والی بال کورٹس، جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، اوپن ایئر جم، واک ویز، سولر پارکنگ شیڈ، فوڈ کیوسکس اور اوپن ایئر ایمفی تھیٹر سمیت جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ منصوبے میں فیملیز، خواتین اور بچوں کے لیے الگ تفریحی زون بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ بچوں کے لیے کھیل کے میدان، جھولے، سینڈ پٹس اور اسکیٹنگ زون بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ روز گارڈن، موسمی پھولوں کی کیاریاں اور خوبصورت لینڈ اسکیپنگ پارک کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کریں گی۔پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی، گرین اسپیسز کا فروغ اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا صوبائی حکومت کے ترقیاتی وژن کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، اوپن ایئر جم اور دیگر جدید سہولیات شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور فیملیز کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کریں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حیات آباد میں جدید عوامی پارک کی صرف تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے)، محکمہ بلدیات اور سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ ٹیم کی مشترکہ کاوش، پیشہ ورانہ صلاحیت اور موثر کارکردگی کا واضح ثبوت ہے، جس پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے حلقے کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں موثر کردار ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر رہا ہے۔ اس شہر نے امن کی خاطر بے شمار جانوں کی قربانیاں دیں اور ملٹری آپریشنز کے دوران مالاکنڈ اور سابق فاٹا سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، انہیں پناہ دی اور مثالی مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ حب الوطنی کا ثبوت دیا اور کبھی ریاست مخالف بیانیے کا حصہ نہیں بنے، جبکہ آج بھی صوبے کے عوام، پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال2026-27 کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے اور اس نوعیت کا ترقیاتی پروگرام اس سے قبل نہ خیبرپختونخوا اور نہ ہی پاکستان کے کسی دوسرے صوبے میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت اور قربانیوں کا شہر ہے، اسی لیے اسے 200 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج دیا گیا ہے، تاہم ترقیاتی عمل صرف شہر کے مرکزی علاقوں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ دیہی پشاور سمیت صوبے کے تمام اضلاع کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری توجہ صرف شہری مراکز تک محدود نہیں ہوگی بلکہ دیہی علاقوں کو بھی یکساں ترقیاتی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت رواں مالی سال کے دوران صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرے گی۔ آخر میں انہوں نے لوکل گورنمنٹ، پی ڈی اے اور منصوبے کی تکمیل میں حصہ لینے والے تمام افسران اور اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

مزید خبریں