اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ اکرم نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گورنمنٹ سافٹ کنونشنل ٹریننگ سکلز کو دوسرے مرحلے کے پی سی ون میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ میٹرک ٹیک کے نام سے پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع کیا گیا ہے، نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل بنائی گئی ہے جو ہنرمندی سکھانے والے اداروں کی رجسٹریشن کرے گی۔
منگل کو قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی رکن اسمبلی نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک کے اسلام آباد میں گورنمنٹ سافٹ کنونشنل ٹریننگ سکلز کے فقدان سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم نے کہا کہ نیوٹیک کا کام ریگولیٹ کرنا، نصاب بنانا، ہنرمندی کی تربیت کے لئے وسائل مہیا کرنا ہے۔ پی سی ون میں بڑے شہروں میں ٹریڈ دیئے گئے۔
اسلام آباد میں 56 الحاق شدہ اداروں میں کنونشنل ٹریننگ سکلز شروع کریں گے۔ نفیسہ عنایت اللہ خان کے سوال کے جواب میں وجیہہ اکرم نے بتایا کہ اسلام آباد میں گورنمنٹ پولی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں درجنوں کورسز کروائے جارہے ہیں۔ بھارہ کہو میں ایک سنٹر ہے جہاں فیشن ڈیزائن، سوہان میں ایک ادارہ ہے اس طرح فیض الاسلام میں سکلز سکھائی جارہی ہیں۔ ہم نے میٹرک ٹیک کے نام سے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا ہے اس میں دیہی اور شہری علاقے شامل ہیں۔
اس میں کنونشنل ٹریننگ سکلز شامل ہیں۔ علی نواز اعوان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل بنائی ہے اس کا کام ان اداروں کو ایکریڈٹ کریں گے۔ جن اداروں کے ساتھ ٹیوٹا مل کر کام کر رہا ہے انہیں رجسٹرڈ بھی کریں گے۔