جنوبی پنجاب کے عوام تک عوامی وسائل پہنچانے کی بات گزشتہ حکومتوں کے نعروں تک محدود رہی،حسان خاور

85
جنوبی پنجاب کے عوام تک عوامی وسائل پہنچانے کی بات گزشتہ حکومتوں کے نعروں تک محدود رہی،حسان خاور

لاہور۔19جنوری (اے پی پی):معاونِ خصوصی وزیرِ اعلی پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام تک عوامی وسائل پہنچانے کی بات گزشتہ حکومتوں کے نعروں تک محدود رہی۔ اس ضمن میں حقیقی کام صرف پاکستان تحریکِ انصاف نے کیا ہے، ماضی میں "تخت لاہور” پر براجمان حکمرانوں کو جنوبی پنجاب کے مسائل کا حقیقی ادراک نہ ہونے کے باعث جنوبی پنجاب کی عوام تک ترقیاتی فنڈز نہیں پہنچ پاتے تھے،

آج جنوبی پنجاب کے لیے مختص فنڈز کی رِنگ فینسنگ کی بدولت یہ وسائل کسی اور علاقے پر خرچ نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار حسان خاور نے نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن پالیسی ڈرافٹ 2020 کے پر سٹیک ہولڈرز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جب جنوبی پنجاب کے حوالے سے قانون سازی کی بات آتی ہے تو ماسوائے پی ٹی آئی کے تمام سیاسی جماعتیں پیچھے ہٹ جاتی ہیں، پاکستان تحریکِ انصاف وہ واحد جماعت ہے جس میں تنقید برداشت کرنے کا حوصلہ ہے۔

ترجمان حکومت پنجاب نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ تین سال میں لانگ مارچ نہ کر سکنے والی اپوزیشن آئندہ دو سال بھی ایسے ہی کھوکھلی بیان بازی کرتی رہے گی، سانحہ مری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آخری مراحل میں ہے اور جلد منظر عام پر لائی جائے گی۔

انہوں نے میاں شہباز شریف کی صحتیابی کے حوالے سے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو حقیقی نہیں سیاسی بیماری ہے۔ انہوں نے مذکورہ پالیسی کو مربوط اور جامع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ماضی میں بھی پالیسیاں بنائی جاتی رہیں لیکن اداروں، حکومت اور عام عوام میں شعور اور استعداد کار کی کمی آڑے آتی رہی۔

حسان خاور نے کہا کہ صنعتوں، کاروباری حلقوں کو چاہیئے کہ اس پالیسی میں موجود نقائص کی نشاندہی کریں تا کہ حکومت اسمیں مثبت تبدیلیاں لا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انرجی ایفیشینسی مستقبل ہے اور حکومت پوری کوشش کرے گی کہ اس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائے تا کہ توانائی کی بچت کی جا سکے۔