پاکستان میں سیاحت کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط اعظم جمیل سے گفتگو

76

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ بات انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط اعظم جمیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا فروغ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، 2019 میں پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مثالی ترقی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باعث ،جہاں باقی شعبے متاثر ہوئے وہاں سیاحت کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ کوروناوبا کی صورتحال میں بہتری کے بعد دنیا بھر کے سیاح دوبارہ سیاحت کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سیاحت کے فروغ کیلئے، پاکستان آنے کے خواہاں، سیاحوں کیلئے آن ویزہ سمیت متعدد سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔میری دورہ سپین کے دوران اقوام متحدہ کی عالمی تنظیم برائے سیاحت (یو این ڈبلیو ٹی او ) کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ بہت سود مند ملاقات ہوئی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحتی روابط، اعظم جمیل نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کی معاونت کے ساتھ ایک جامع قومی سیاحتی پالیسی جلد مرتب کرنے کا عندیہ دیا۔