اینٹیگوا۔24جنوری (اے پی پی):آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز 26 جنوری سے ہو گا، پاکستانی ٹیم ناک آئوٹ مرحلے میں 28 جنوری بروز جمعہ کو آسٹریلیا سے نبرد آزما ہو گی۔
انڈر 19 ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ویسٹ انڈیز میں جاری ہے، میگا ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل 26 جنوری کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان نارتھ سائونڈ میں کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 27 جنوری کو آمنے سامنے ہوں گی۔
تیسرا کوارٹر فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 28 فروری کو نارتھ سائونڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 29 جنوری کو پنجہ آزما ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل یکم فروری، دوسرا سیمی فائنل 2 فروری جبکہ فائنل 5 فروری کو کھیلا جائے گا۔