وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سپیشل اکنامک زونز پر اعلیٰ سطح کا اجلاس، سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

90

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیرِاعظم عمران نے سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت پیر کو سپیشل اکنامک زونز پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِاعظم کو اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رشکئی، بولان اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی مکمل طور پر فعال ہو چکے اور وہاں صنعتوں کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے، دھابیجی سپیشل اکنامک زونز پر بھی کام تیزی سے جاری ہے اور اسے جلد فعال بنا دیا جائے گا۔ اجلاس کو سپیشل اکنامک زونز میں صنعتوں کیلئے موجود زمین اور 130 کمپنیوں کو صنعتوں کی تعمیر کیلئے 1500 ایکڑ اراضی کی 2021 میں منظوری و الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ فعال اسپیشل اکنامک زونز میں بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائی جا چکی ہے۔ وزیرِ اعظم نے سپیشل اکنامک زونز کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے اقدامات پر معینہ مدت میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، حماد اظہر، چوہدری فواد حسین، مشیرِ قومی سلامتی معید یوسف، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اظفر احسن اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔