‏قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، وزیراعظم عمران خان قانون کی حکمرانی کو بطور جدوجہد لے کر چل رہے ہیں، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات

49

اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ‏قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، وزیراعظم عمران خان قانون کی حکمرانی کو بطور جدوجہد لے کر چل رہے ہیں۔

منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر مملکت نے کہا کہ ‏قانون کی حکمرانی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ اپوزیشن ہے، اپوزیشن کے اس کرپٹ ٹولے نے لوٹ مار کی اور پورے نظام کو کرپٹ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی لانگ مارچز، کبھی عدم اعتماد، کبھی استعفوں کی بلیک میلنگ جیسے ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے حوالے سے اپوزیشن نے حکومت سے کبھی تعاون نہیں کیا‏، وزیراعظم عمران خان قانون کی حکمرانی کو بطور جدوجہد لے کر چل رہے ہیں، اس حوالے سے ہماری کریمنل لاء ریفارمز قانون سازی کے لئے تیار ہے جس سے انصاف کی فراہمی اور قانون کی حاکمیت کے لئے راہ ہموار ہوگی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ این آر او کی بلیک میلنگ کے باوجود پہلی بار طاقتور کو قانون کے نیچے لایا جارہا ہے، اپوزیشن کاٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ پر واویلا، بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 میں سے 7 رپورٹس میں کوئی فرق نہیں ہے صرف 1 رپورٹ کے باعث سی پی آئی کی ٹوٹل رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے، اس رپورٹ میں حکومتی سطح پر کسی قسم کی مالی کرپشن کا ذکر نہیں ہے۔