اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد پولیس کے اہلکار اور بنوں میں پوسٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی کے اہل خانہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے جی -8، اسلام آباد حملے میں شہید ہونے والے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل منور حسین کے لواحقین سے ٹیلی فون پر تعزیت اور اظہار افسوس کیا۔
علاوہ ازیں صدر مملکت نے 13 جنوری کو بنوں میں پوسٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی سرفراز علی کے ورثاء سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ صدر عارف علوی نے شہداء کو قوم کیلئے قربانی اور خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔