نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش و برفباری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے لئے الرٹ جاری کر دیا

61

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش و برفباری کے پیش نظر متعلقہ اداروں کے لئے الرٹ جاری کر دیا ۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق یکم فروی 2022کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسم کی تازہ ترین ایڈوائزری کے مطابق ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں 2تا3 فروری بروز بدھ اور جمعرات ہلکی و درمیانے درجے کی بارش/برف باری کے ساتھ تیز ہوا اور آندھی متوقع ہے جس کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بر وقت اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں کیساتھ رابطہ قائم کر کے حساس مقامات پر ضروری مشینری اور دیگر ایمرجنسی ساز و سامان اور اسٹاف کی موجودگی یقینی بنا ئیں مزید برآں مچھیروں کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور گہرے پانی میں جانے سے متعلق ہدایات جاری کی جائیں ۔

پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں تا کہ کسی بھی جگہ موسم کی وجہ سے راستے بلاک ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کیئے جا سکیں مزید برآں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ضرور ی اقدامات کئے جائیں۔ متعلقہ اداروں کو مسافروں اور سیاحوں کو موسم کی تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔