حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا ، عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کیخلاف مظالم سے روکے،ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کی ہفتہ وار بریفنگ

107
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کیخلاف مظالم سے روکے،پاکستان اپنے قانونی حق خوداردیت کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے عزم کو اور حوصلوں کو سلام کرتا ہے۔

جمعہ کو اپنے ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ آج ہفتہ کو پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرنے کی غرض سے یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے کہ پاکستان ،حق خودارادیت کے حصول تک اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش ہے، جو کہ بھارتی فوج اور پولیس کے محاصرے میں بدستور جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالتی قتل بغیر کسی استثنیٰ کے آج بھی جاری ہے،بھارتی قابض فورسز کی جانب سے جعلی مقابلے اور نام نہاد سرچ آپریشنز معمول بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یک جنوری سے لیکر اب تک بھاری فورسز کے ہاتھوں کم سے کم 24بے گناہ کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی غیر قانونی تسلط کے تحت کشمیریوں پر مظام روکنے کیلئے فوری مداخلت کریں۔ عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے عزم اور حوصلوں کو سلام کرتا ہے جو اپنے قانونی حق خودارادیت کے حصول کیلئے پر امن اور منصفانہ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں،جس کا یواین سلامتی کونسل کے قراردادوں میں ان ست وعدہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کے مصائب کا ادراک کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بڑے پیمانے پر مظالم کیلئے بھارت کو زمہ دار ٹھہرائے۔ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کو مطابق جموں و کشمیر کا تنازعہ حل کرنے میں اپنا کرادار ادا کریں۔