لاڑکانہ ۔5فروری (اے پی پی):پورے ملک کی طرح کندھ کوٹ میں بھی کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی،مودی کی ہندوانہ دوغلی پالیسی سے پردہ ہٹانے،معصوم کشمیری بہن بھاٸیوں پر غاصب بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کیلئے یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ سیاسی سماجی تنظیموں اور شہریوں کی جانب سے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور دیگر پروگرام ترتیب دیئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کشمور منور علی مٹیانی کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر آفس سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک شہریوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد اور بھارت کے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پرپاکستان اور کشمیر کا پرچم بھی لہرایا گیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم پوری دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کے کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے ، اس کے ساتھ ساتھ مودی کو بھی بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جسے حاصل کر کے رہیں گے، ہم کشمیر بھائیوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ریلی میں شریک لوگوں نے یکجہتی سےثابت کردیا کہ ضلع کشمور ایٹ کندھ کوٹ کی عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، بھارت نے کشمیری عوام اور کشمیر پر ظلم کی انتہا کر دی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔
ریلی میں شہریوں ، سیاسی و سماجی نمائندگان ضلعی سربراہان، صحافی برادران ،پولیس اور سرکاری اور نجی افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔دوسری جانب ضلع بھرکی مختلف تحصیلوں سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مختلف تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لوگ سڑکوں پر نکل آئے، جس میں شامل سیکڑوں افراد نے اپنے ہاتھوں میں پاکستانی اور کمشیری پرچم تھام کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرکے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی اور کشمیر بنے گا پاکستان کے پر جوش نعرے بھی لگائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=294093