قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقہ سے منایا گیا

170

قاہرہ ۔5 فروری (اے پی پی):یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام ”کشمیر ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ایک دیرینہ مسئلہ“ کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، مقررین نے اپنی پریذنٹیشنز میں شرکا کو تقریب کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایک متنازعہ علاقہ ہے اور ہندوستان کو یکطرفہ طور پر اپنی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

مقررین نے کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورمقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارتی حکومت کے فاشسٹ، کشمیر دشمن اور مسلم دشمن اقدامات کی عالمی برادری کی جانب سے پرزور مذمت کی جانی چاہیے۔

بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ایک سنگین انسانی صورتحال کو جنم دیتی ہیں، جس پر عالمی برادری کی فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ اور عالمی برادری کو فوری طور پر عمل کرنا چاہیے اور بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ 05 اگست 2019 کے اپنے اقدامات کو واپس لے اور کشمیریوں کی نسل پرستی کو روکے۔

پاکستانی سفیر ساجد بلال نے اپنے خطاب میں دیگر پہلووں کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کے قانونی، انسانی اور سیاسی پہلو پر بھی روشنی ڈالی اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کی سنگینی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کو ان کی بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل دلیرانہ اور دیرینہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔

پاکستانی سفیر نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی اس وقت تک حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا جب تک کشمیر کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے چنگل سے آزاد نہیں کرالیا جاتا۔ شرکا نے کشمیری شہدا اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں وحشیانہ بھارتی جبر کا شکار ہونے والے دیگر متاثرین کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔

تقریب کے دوران کشمیر پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ پاکستانی سکول کے بچوں نے کشمیریوں کی حالت زار کے مختلف پہلو ئوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک ٹیبلو اور ایک گانا بھی پیش کیا۔ اس تقریب میں دانشوروں، صحافیوں، طلبا اور پاکستانی کمیونٹی کے معزز اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔