وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی وزیر داخلہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل

74
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے سعودی وزیر داخلہ کی وفد کے ہمراہ ملاقات، علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیا ل

اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر داخلہ وفد کے ہمراہ وزارت داخلہ آئے جہاں انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے داخلہ امور کی وزارتوں کے درمیان روابط کو مزیدمضبوط بنانے پر زور دیا گیا جبکہ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی چیلنجز سمیت دیگر مسائل سے نمٹنے کے لئے وزارتوں کے درمیان بہتر روابط ضروری ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کام کرنے والے 20لاکھ پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، پاکستانی ورکرز کی بہترین دیکھ بھال پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ سعودی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر قائم ہیں۔

سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف کے ساتھ 7 رکنی اعلیٰ سعودی حکام کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ سعودی وزیر داخلہ اپنے پاکستانی ہم منصب شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پرایک روزہ دورے پرپاکستان پہنچے ہیں۔

ملاقات میں مشیر برائے احتساب بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی اور سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر سمیت دیگرحکام بھی موجود تھے۔